تحریک انصاف کا پاکستان اور فوج کو گالیاں دینے پر کمیونسٹ پارٹی کا شدید احتجاج

کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے چیئرمین انجینئر جمیل احمد ملک نے پاکستان تحریک انصاف کے لیڈروں اور کارکنوں کی طرف سے پاکستان، پاک فوج اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف جی ایچ کیو گیٹ نمبر چار کے سامنے، پشاور، لاہور، کراچی اور دیگر شہروں میں ہونے والوں حالیہ مظاہروں پر شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے یہ سب کچھ کرنیوالوں کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ فوج تحریک عدم اعتماد میں نیوٹرل کیوں رہی ہے اور فوج نے سیاست میں مداخلت کر کے عمران خان کی حکومت کو تحریک عدم اعتماد سے کیوں نہیں بچایا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کا فوج سے ہمیشہ، واضح اور دوٹوک اختلاف رہا ہے کہ فوج کو بلواسطہ یا بلاواسطہ سیاست میں قطعاً حصہ اور دلچسپی نہیں لینے چاہیے اور اپنے حلف کی پاسداری کرنی چاہئے اور یہ پہلی مرتبہ فوج کی ہسٹری میں ہوا ہے کہ فوج نے بحثیت ادارہ اور ان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں مکمل طور پر نیوٹرل رہے اور اس کا اعتراف متحدہ اپوزیشن کے تمام لیڈروں نے بر ملا اظہار خیال کرتے ہوئے کیا اور کہا ہے کہ انہیں اس دفعہ کسی بھی چیف آف آرمی سٹاف اور آئی ایس آئی کی طرف سے کوئی پیغام یا فون نہیں آیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں عمران خان کے خلاف ووٹ نہیں دینا ہے۔
انجنیئر جمیل نے کہا ہے تحریک انصاف کے لیڈروں اور کارکنوں کے ‏پاک فوج کے خلاف بیہودہ مظاہرے، لچر غلیظ گفتگو اور نعرے، سوشل میڈیا پر ٹرینڈز اور میڈیا پر اسکے حمایتی جو کچھ کر رہے ہیں یہ کسی طور بھی آزادی اظہار نہیں بلکہ پاکستان اور پاک فوج کے خلافِ سوچی سمجھی اور بیرونی سازش ہے۔ یہ سب کرنیوالوں کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ فوج نے سیاست میں مداخلت کیوں نہیں کی اور فوج کو سیاست میں حصہ لینے پر اکسانا ہے جو نہایت ہی ایک غیر جمہوری اور غیر آئینی عمل ہے۔
تحریک انصاف کے ‏ایسے تمام شرپسند نہ کسی رعایت کےمستحق ہیں اور نہ کسی سپورٹ کےکیونکہ انکامقصد کسی بھی قسم کی شخصی آزادی نہیں بلکہ فاشسٹ نظریہ ہے۔ یہ آزادی اظہار، قانون کی آڑ میں دشمن ممالک کا ایجنڈا پاکستان میں پورا کر رہے ہیں کہ موجود پاک فوج جس کا کردار اب نیوٹرل اور غیر سیاسی ہے کو بدنام کرو اور فوج/عوام مابین دوریاں پیدا کرو اور ملکی سطح پر انارکی پیدا کرو۔ کمیونسٹ پارٹی کا وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ ہے کہ ان سے اب سختی سے نمٹاجائے اور انکے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے تا کہ فوج ملکی اور غیر ملکی شرپسند اور دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کر سکے۔
منجانب: پریس میڈیا آف سی پی پی